تاثیر 12 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 12 مئی : وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ملک میں ایندھن کی بچت کی اپیل کے بعد ممبئی بی جے پی صدر امت ساتم کے 25 گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو لے کر سیاسی تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس معاملے پر بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں خلیجی ممالک میں جنگ جیسے حالات کے تناظر میں عوام سے پٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں کمی، خوردنی تیل کی بچت اور عوامی ٹرانسپورٹ کے زیادہ استعمال کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے خاص طور پر شہروں میں میٹرو اور پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا تھا۔
اسی دوران ممبئی بی جے پی صدر امت ساتم نے ممبئی میں نالہ صفائی کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا، جس میں ان کی ذاتی گاڑیوں سمیت اراکین اسمبلی، پارٹی عہدیداران، کارپوریٹرس، میونسپل افسران اور ملازمین کی مجموعی طور پر تقریباً 25 گاڑیاں شامل تھیں۔ پورے ممبئی مضافات میں یہ قافلہ گھومتا ہوا دیکھا گیا۔ اس قافلے کے ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئے، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں بحث چھڑ گئی۔

