تاثیر 21 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضاامام)::امبیڈکر سبھا گار، دربھنگہ کلکٹریٹ میں بتاریخ 20 مئی 2026 بوقت 10:00 بجے دن اردو ڈائریکٹوریٹ، محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، بہار، پٹنہ کی جانب سے ’’اردو داں طلبہ حوصلہ افزائی اسکیم‘‘ مالی سال 2025-26 کے تحت ضلع اردو زبان سیل، دربھنگہ کلکٹریٹ کے زیرِ اہتمام اردو زبان میں ایک عظیم الشان تقریری مسابقہ منعقد کیا گیا۔ اس علمی و ادبی پروگرام میں ضلع دربھنگہ کے مختلف مدارس، اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔مسابقہ میں شریک طلبہ و طالبات نے اردو زبان کی عظمت، اس کی تہذیبی روایت اور ادبی خدمات پر نہایت دلنشیں اور مؤثر انداز میں تقاریر پیش کیں، مگر ان تمام کے درمیان دارالعلوم احمدیہ سلفیہ کے طلبہ اپنی شائستہ گفتگو، بہترین لب و لہجہ، پختہ اندازِ بیان اور علمی وقار کے سبب سامعین اور منصفین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے۔دارالعلوم احمدیہ سلفیہ کے ہونہار طلبہ نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ یہ ادارہ صرف دینی تعلیم کا مرکز ہی نہیں بلکہ علمی، ادبی، تقریری، صحافتی اور تہذیبی میدان میں بھی اپنی ایک منفرد شناخت رکھتا ہے۔ میٹرک زمرہ میں محمد صفوان قمر اور محمد شاداب نے نمایاں پوزیشن حاصل کرکے ادارہ کا نام روشن کیا، جبکہ انٹرمیڈیٹ سطح پر خبیب رحیم، محمد یاسر ،عبدالبر ،محمد خورشید اور محمد توفیق نے اپنی شاندار کارکردگی سے کامیابی حاصل کی۔ اسی طرح گریجویشن زمرہ میں محمد ارشاد اور محمد شہنواز عالم نے بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں مقام حاصل کیا۔اس موقع پر موجود دانشورانِ ادب اور سماجی شخصیات نے دارالعلوم احمدیہ سلفیہ اور اس کے قابل طلبہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ مقررین نے کہا کہ دارالعلوم احمدیہ سلفیہ عرصۂ دراز سے قوم و ملت کی علمی و ادبی خدمت انجام دے رہا ہے اور یہاں کے طلبہ ہر میدان میں اپنی قابلیت اور صلاحیت کا لوہا منواتے آرہے ہیں۔بلاشبہ دارالعلوم احمدیہ سلفیہ ایک ایسا تاریخی اور باوقار ادارہ ہے جہاں طلبہ کی دینی، تعلیمی، اخلاقی اور ادبی تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں کے طلبہ تقریری مسابقوں، بیت بازی، صحافت، تحریر و تقریر اور دیگر علمی سرگرمیوں میں ہمیشہ نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہیں۔ ادارہ کے اساتذہ کی محنت، بہترین رہنمائی اور طلبہ کی مسلسل جدوجہد ہی ان کامیابیوں کا اصل راز ہےدارالعلوم احمدیہ سلفیہ کی یہ شاندار کامیابی یقیناً ادارہ کے روشن مستقبل، بہترین تعلیمی ماحول اور طلبہ کی غیر معمولی صلاحیتوں کی واضح دلیل ہے۔

