استقبالیہ تقریب کے دوران کیوٹی ایم ایل اے مراری موہن جھا کی جیب تراشی

تاثیر 11 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفیٰ)جنگلات و ماحولیات کے وزیر رام چندر پرساد کے ساتھ درجنوں گاڑیوں کا قافلہ شوبھن چوک پہنچا، جہاں بی جے پی کارکنان نے بلڈوزر کے ذریعے ان پر پھولوں کی بارش کرکے استقبال کیا۔ پھولوں کی مالا، مکھانے کی مالا اور پاگ چادر پیش کرکے وزیر کا خیر مقدم کیا گیا۔ پرجوش کارکنان پٹاخے بھی جلا رہے تھے۔
چوک پر استقبالیہ تقریب جاری ہی تھا کہ اسی بھیڑ میں موقع دیکھ کر ایک جیب تراش نے کیوٹی کے رکن اسمبلی ڈاکٹر مراری موہن جھا کی جیب میں ہاتھ ڈال دیا۔ ایک جیب میں رکھا نقد رقم نکال لیا اور جیسے ہی دوسری جیب میں رکھا موبائل نکالنے کی کوشش کی، ویسے ہی رکن اسمبلی اور ان کے قریب کھڑے ایک کارکن نے نوجوان کو پکڑ لیا۔ نوجوان کو تھپڑ مارنا شروع کر دیا گیا۔ اسی دوران جب تک لوگ سمجھ پاتے کہ کیا واقعہ ہوا ہے، چور بھیڑ کا فائدہ اٹھا کر نکل گیا اور دربھنگہ-مظفرپور این ایچ پر گاڑیوں کی بھیڑ اور جام کے درمیان فرار ہو گیا۔جیب تراشی کی اطلاع ملتے ہی پولیس متحرک ہوئی اور اسے تلاش کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ بھیڑ میں کہیں غائب ہو گیا۔ رکن اسمبلی نے بتایا کہ ان کا موبائل محفوظ ہے۔ ان کی جیب سے نکالی گئی رقم جیب تراش نے زمین پر پھینک دی تھی، جو بعد میں مل گئی۔ چوک کے بیچ منعقد استقبالیہ تقریب کے دوران دربھنگہ-مظفرپور این ایچ پر تقریباً آدھے گھنٹے تک ٹریفک متاثر رہا