تاثیر 10 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 10 مئی: دہلی حکومت نے شمال مغربی دہلی میں دو اہم ٹریفک پروجیکٹوں پر بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے اتوار کو بتایا کہ ریلوے نے حیدر پور بادلی میں آوٹر رنگ روڈ پر موجودہ ریلوے اوور برج (آر او بی) کو چوڑا کرنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ مکربا چوک پر ٹریفک کے دباو کو کم کیا جا سکے۔ مزید برآں، ریلوے نے شالیمار باغ سے سنجے گاندھی ٹرانسپورٹ نگر تک ریلوے پٹریوں کو عبور کرنے والے مجوزہ ایلیویٹڈ لوپ کو منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر ریلوے اشونی وشنو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کے منصوبے دارالحکومت کو “وکست دہلی” بننے کی راہ ہموار کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی حکومت دارالحکومت کے نقل و حمل کے نظام کو جدید، محفوظ اور ہموار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمال مغربی دہلی کے یہ دونوں علاقے طویل عرصے سے بھاری ٹریفک کی بھیڑ سے متاثر ہیں، جہاں سے روزانہ ہزاروں مسافر اور مال بردار گاڑیاں گزرتی ہیں۔ انپروجیکٹوں کی تکمیل سے ٹریفک کے ہجوم میں نمایاں کمی آئے گی اور لوگوں کو تیز رفتار، محفوظ اور آسان نقل و حمل میسر آئے گی۔

