تاثیر 12 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 12 مئی: آنجہانی صنعتکار سنجے کپور کی والدہ رانی کپور نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں پریا کپور اور دیگر کو آر کے فیملی ٹرسٹ کے معاملات میں مداخلت کرنے سے روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جب تک اس معاملے میں ثالثی کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔ منگل کو سماعت کے دوران جسٹس جے بی پردی والا کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ اس معاملہ کو دیکھیں تو مہابھارت بھی بہت مختصر لگے گی۔ ہم اس معاملے کو دیکھیں گے۔ عدالت نے اس معاملہ کی سماعت 14 مئی کو کرنے کا حکم دیا۔
اپنی نئی درخواست میں، رانی کپور نے آر کے فیملی ٹرسٹ کی 18 مئی کو ہونے والی بورڈ میٹنگ پر روک لگانے کی بھی درخواست کی ہے۔ یہ میٹنگ رگھونشی انویسمینٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے نوٹس پر بلائی گئی تھی، جس کے پاس مبینہ طور پر متنازعہ جائیداد کا بڑا حصہ ہے۔ رانی کپور کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس میٹنگ کا بنیادی مقصد بورڈ میں اپنی پسند کے نئے ڈائریکٹر کا تقرر کرنا ہے۔

