تاثیر 18 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دھلائی، 18 مئی: تریپورہ کے ضلع دھلائی کے لونگترائی ویلی سب ڈویژن میں بھارت-بنگلہ دیش بین الاقوامی سرحد کے قریب اتوار کی شام ایک سڑک حادثہ پیش آیا۔ پتھروں سے بھرا ایک ٹرک بے قابو ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں چار مزدور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق ٹرک چاؤمانو سے بیجو بارڈر آؤٹ پوسٹ کی طرف تعمیراتی سامان لے جا رہا تھا۔ سرحدی علاقے میں جاری بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے پتھر پہنچائے جا رہے تھے۔ اسی دوران خراب اور اونچی چڑھائی والے راستے پر ٹرک بے قابو ہو گیا۔حکام نے بتایا کہ ٹرک چڑھائی عبور نہ کر سکا اور پیچھے کی طرف لڑھکتے ہوئے الٹ گیا۔ ٹرک کے اوپر پتھروں کے ڈھیر پر بیٹھے مزدور سڑک پر گر پڑے۔ اس کے بعد بڑی مقدار میں پتھر ان کے اوپر آ گرے، جس سے وہ دب گئے۔حادثے میں ٹرک کے اوپر بیٹھے چار مزدوروں کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی، جبکہ کیبن میں بیٹھے افراد نے کسی طرح اپنی جان بچا لی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بی ایس ایف کے جوان موقع پر پہنچ گئے اور راحت و بچاؤ کا کام شروع کیا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

