تاثیر 12 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
غزہ،12مئی:سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی جانب سے فراہم کردہ امداد کا ایک نیا قافلہ گذشتہ روز غزہ کی پٹی پہنچ گیا۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پیش کی جانے والی امداد میں غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے لیے سعودی عوامی مہم کے تحت غذائی پیکٹ اور رہائشی خیمے شامل ہیں۔یہ امداد سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹیج نے وصول کی ہے جو کہ غزہ کی پٹی میں شاہ سلمان مرکز کا ایگزیکٹو پارٹنر ہے۔ سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹیج کی فیلڈ ٹیمیں غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں امداد کی تقسیم کے عمل کو مسلسل جاری رکھنے کی ذمہ دار ہیں۔
اسی تناظر میں شاہ سلمان مرکز کے سینٹرل کچن نے غزہ کی پٹی کے وسطی اور جنوبی حصوں میں انتہائی ضرورت مند افراد میں 24,000 تیار پکے ہوئے کھانے تقسیم کیے، جن سے 24,000 افراد مستفید ہوئے۔ یہ اقدام بھی فلسطینی عوام کی امداد کے لیے جاری سعودی عوامی مہم کا حصہ ہے۔مزید برآں شاہ سلمان مرکز نے گذشتہ روز غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں انتہائی ضرورت مند خاندانوں میں 820 غذائی پیکٹ تقسیم کیے، جن سے 4,920 افراد مستفید ہوئے۔

