تاثیر 24 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کوئٹہ،24مئی:پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ایک مشتبہ خودکش حملہ میں کم ازکم تیس افراد جاں بحق اور 131افرادزخمی ہو گئے جبکہ ٹرین کی بوگیاں الٹ گئیں۔پولیس حکام اور ریسکیو ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریلوے ٹریک کے قریب موجود ایک ٹرین کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث ٹرین پٹری سے نیچے اتر گئی۔
دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور ٹریک کے ارد گرد کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری اور امدادی ٹیموں کی ایمبولینسز جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دی گئیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ابتدائی تحقیقات اور پولیس کے بیانات کے مطابق یہ ایک خودکش حملہ تھا۔
پولیس حکام نے ابتدائی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چمن پھاٹک کے قریب ٹرین کو ریلوے ٹریک کے پاس نشانہ بنایا گیا ہے اور ابتدائی شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ یہ دھماکہ خودکش تھا۔دھماکے کے فوراً بعد پورے علاقے میں شدید فائرنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مصروف ٹیموں اور مقامی لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم سکیورٹی فورسز نے پوزیشنیں سنبھال کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
امدادی سرگرمیوں میں مصروف ریسکیو ذرائع نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس افسوسناک حادثے میں اب تک 30 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 131 افراد شدید زخمی ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق اب تک آٹھ لاشوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا جا چکا ہے اور باقی جان بحق ہونے والوں اور تمام زخمیوں کو بھی فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

