تاثیر 9 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 9 مئی: پٹنہ کے آئی آئی ٹی امہرا احاطہ میں ہفتہ کے روز ایک طالب علم کی موت ہو گئی۔ مشتبہ حالات میں اس کی لاش ملنے سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ متوفی نوجوان کی شناخت تلنگانہ کے رہنے والے ہرشت پٹنائک کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق ہفتہ کی صبح لوگوں کو آئی آئی ٹی کیمپس میں بوائس ہاسٹل کے ساتھ والے کھیت میں ایک نوجوان کی لاش ملی۔ مقامی انتظامیہ کو اطلاع دی گئی۔ مقامی انتظامیہ کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔حالانکہ موت کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے۔مقامی باشندوں نے بتایا کہ جمعہ کی شام بارش ہوئی اور زوردار ہوا چلی جس سے احاطہکے کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے اور بجلی کی تاریں گر گئیں۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نوجوان صبح چہل قدمی یا کھیلنے کے لیے اپنے ہاسٹل سے نکلا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔ حالانکہ آئی آئی ٹی انتظامیہ کے ایک اہلکار کی طرف سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے پٹنہ ویسٹ سٹی کے ایس پی بھانو پرتاپ سنگھ نے کہا کہ آئی آئی ٹی انتظامیہ سے اطلاع ملی تھی کہ احاطہ میں ایک نوجوان کی لاش ملی ہے۔ جس کے بعد پولیس ٹیم اور ایف ایس ایل کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ نوجوان کی موت کیسے ہوئی۔

