آرسی بی سے شکست کے بعد ممبئی کے کوچ جے وردھنے نے کہا، ’’بہت سارے اگر اور مگر ہیں، لیکن ہم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا‘‘

تاثیر 11 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

رائے پور، 11 مئی: رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے ہاتھوں دو وکٹوں کی شکست کے بعد ممبئی انڈینس کی آئی پی ایل 2026 کے پلے آف میں پہنچنے کی امیدیںختم ہوگئیں۔ پانچ بار کے چیمپئن اب اس سیزن میں ٹرافی نہیں جیت سکیں گے اور اب انہیں آخری مقام سے بچنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔
میچ کے بعد ممبئی انڈینز کے ہیڈ کوچ مہیلا جے وردھنے نے شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم نے پورے سیزن میں توقعات کے مطابق مظاہرہ نہیں کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹیم گیندبازی اور بلے بازی ، دونوں میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی۔
جے وردھنے نے کہا،’’یہ ایک مایوس کن سیزن رہا ہے۔ ہمارے پاس مواقع تھے، لیکن ہم اچھے نہیں تھے۔ بلے اور گیند ،دونوں کے ساتھ مستقل مزاجی کا فقدان واضح طور پر نظر آیا۔ ہم پلے آف کی ریس میں برقرار رہ سکتے تھے، لیکن ہم دو-تین جیت سے محروم رہ گئے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ابھی پورے سیزن کا تجزیہ کرنا مشکل ہے کیونکہ شکست کی مایوسی ابھی تازہ ہے تاہم یہ بات طے ہے کہ ٹیم اپنی صلاحیتوں اور پلاننگ کو صحیح طریقے سے نافذ نہیں کر سکی۔