اندور کے سانویر-اجین روڈ پر لاوارث تین بیگ ملے، 2.83 کروڑ روپے کی مشکوک نقدی برآمد

تاثیر 7 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نوٹوں کے درمیان بھرے تھے رنگین کاغذ، جانچ میں پولیس مصروف

اندور، 07 مئی:۔ مدھیہ پردیش کے اندور ضلع کے سانویر-اجین روڈ پر جمعرات کی صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی، جب سڑک کنارے لاوارث حالت میں پڑے تین مشکوک بیگوں سے بھاری مقدار میں نقدی برآمد کی گئی۔ بیگوں کی تلاشی لینے پر پولیس کو 500 روپے کے نوٹوں کی 566 گڈیاں ملیں، جن کی کل مالیت تقریباً 2 کروڑ 83 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔ پولیس نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جانچ شروع کر دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق، دیہی تھانہ پولیس کو جمعرات کی صبح تقریباً 10 بجے ایک مقامی کسان نے سڑک کنارے پڑے ان بیگوں کی اطلاع دی تھی۔ اطلاع ملتے ہی ٹی آئی گرجا شنکر مہوبیا پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ جب موقع پر موجود گاوں والوں کی موجودگی میں بیگوں کو کھولا گیا، تو اوپر اور نیچے نوٹوں کی گڈیاں سجی ہوئی تھیں۔ تاہم، باریک بینی سے جانچ کرنے پر پتہ چلا کہ تقریباً 130 سے زائد گڈیوں میں اوپر کے نوٹ تو اصل جیسے دکھ رہے ہیں، لیکن ان کے بیچ میں الگ الگ رنگوں کے کاغذ بھرے ہوئے تھے۔

ایڈیشنل ایس پی (مہو) روپیش دویویدی کے مطابق، ابتدائی طور پر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گڈیوں کے اوپر لگے کچھ نوٹ اصلی ہیں، جبکہ نیچے کے حصے میں نقلی نوٹ یا سادہ کاغذ رکھے گئے ہیں۔ پولیس اب اس بات کی تصدیق کر رہی ہے کہ برآمد کردہ نوٹ واقعی اصل ہیں یا نقلی۔ اس کے لیے ماہرین اور بینک حکام کی مدد لی جا رہی ہے۔