تاثیر 23 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،23 مئی:۔اردو اکادمی، دہلی کے زیرِ اہتمام اور محکمہ فن، ثقافت و السنہ، حکومتِ دہلی کے خصوصی تعاون سے 14 مئی تا 2 جون 2026 جاری ”سمر کیمپ“ میں چوتھی جماعت سے بارہویں جماعت تک کے طلبا کو مختلف ادبی، ثقافتی اور تخلیقی شعبوں میں ماہرینِ فن کی نگرانی میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ اردو اکادمی، دہلی اس بامعنی اور مفید پروگرام کے انعقاد میں محکمہ فن، ثقافت و السنہ، حکومتِ دہلی کے بھرپور تعاون اور سرپرستی پر تہہِ دل سے اظہارِ تشکر کرتی ہے۔ اس سمر کیمپ کا مقصد نئی نسل میں اردو زبان و ادب سے دلچسپی پیدا کرنا، تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انھیں مثبت و تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔
سمر کیمپ میں خطاطی، غزل گائیکی، پینٹنگ، شخصیت سازی، اردو زبان دانی اور داستان گوئی جیسے اہم اور دلچسپ موضوعات شامل کیے گئے ہیں۔ ان تمام شعبوں میں تجربہ کار اساتذہ اور ماہرینِ فن طلبا کو عملی اور نظری تربیت فراہم کر رہے ہیں تاکہ ان کی صلاحیتوں کو مو?ثر انداز میں نکھارا جا سکے۔ اس سمر کیمپ کو طلبا، والدین اور اردو سے دلچسپی رکھنے والے حلقوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ کیمپ میں شریک بچے نہ صرف اردو زبان سیکھ رہے ہیں بلکہ فنونِ لطیفہ اور شخصیت سازی کے ذریعے اپنی تخلیقی، ذہنی اور اظہارِ خیال کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کر رہے ہیں۔ ایسے پروگراموں کے انعقاد کا بنیادی مقصد نئی نسل کو اردو تہذیب و ثقافت سے جوڑنا اور ان میں اعتماد، اظہار اور فنّی شعور پیدا کرنا ہے۔

