تاثیر 6 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بیجنگ،06مئی :۔امریکا اور ایران کے درمیان بحران بدستور جوں کا توں برقرار ہے۔ بدھ کے روز مختلف بیانات نے صورتحال کو مزید غیر واضح کر دیا ہے، تاہم بعض اشارے اس بات کی طرف بھی ہیں کہ دونوں فریقین کے درمیان کسی معاہدے تک پہنچنے کا امکان بڑھ رہا ہے۔اسی دوران چین نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان امن مذاکرات شروع کرانے میں تعاون کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔اب تک سفارتی کوششیں اس تنازع کو ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان صرف ایک بار براہِ راست مذاکرات کا دور ہوا ہے، جبکہ مزید ملاقاتوں کی کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔تازہ ترین پیش رفت کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں صرف ایک منصفانہ اور جامع معاہدے کو قبول کرے گا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس عمل میں نمایاں پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق عراقچی نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ ایران اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے پوری کوشش کرے گا اور صرف ایسے معاہدے کو قبول کرے گا ،جو منصفانہ اور جامع ہو۔

