اتر پردیش حکومت نے پنچایتی انتخابات میں ریزرویشن کے لیے پسماندہ طبقات کمیشن تشکیل دیا

تاثیر 21 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ،21مئی: اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے سہ سطحی پنچایتی انتخابات میں او بی سی رزرویشنکے لیے پانچ رکنی پسماندہ طبقات کمیشن تشکیل دیا ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج رام اوتار سنگھ کو اس کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ کمیشن چھ ماہ کے اندر ریاست کے پنچایتی انتخابات کے رزرویشن پر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔
کمیشن میں چیئرمین کے علاوہ چار ممبران کا تقرر کیا گیا ہے۔ دو ریٹائرڈ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج اور دو ریٹائرڈ آئی اے ایس افسران کو ممبر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ یہ تقرریاں چھ ماہ کے لیے کی گئی ہیں۔ کمیشن چھ ماہ میں اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گا۔
اتر پردیش حکومت نے 20 مئی کو دیر رات اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جسٹس رام اوتار سنگھ کو کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ ریٹائرڈ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج برجیش کمار اور ریٹائرڈ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج سنتوش کمار وشوکرما کو ممبر مقرر کیا گیا ہے۔جبکہ ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر اروند کمار چورسیا اور ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ایس پی سنگھ کو بھی ممبر مقرر کیا گیا ہے۔