تاثیر 22 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع ہیڈکوارٹر سہسرام میں ویجیلنس انویسٹی گیشن بیورو نے بدعنوانی کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے سہسرام بلاک کے سی او و دیگر تین کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا ہے اور متذکرہ ٹیم نے آج دن میں دو الگ الگ مقامات پر چھاپہ ماری کی ۔ محکمہ ویجیلنس نے سہسرام صدر کے سرکل آفیسر (سی او) آکاش کمار رونیار اور ان کے پرسنل اسسٹنٹ سونو کمار کو 3 لاکھ روپئے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا ۔ سرویلنس ڈی ایس پی پون کمار نے بتایا کہ پہلی کارروائی سول سرجن دفتر کے سامنے کی گئی، جہاں سول سرجن آفس کے کلرک ستیش کمار کو 20 ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔ کلرک نے ٹرانسفر کے بدلے سنجھولی پی ایچ سی کے اکاؤنٹنگ منیجر سے 25 ہزار روپئے کا مطالبہ کیا تھا، جسے آج 20 ہزار روپئے لیتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ۔ اس پہلی کارروائی کے صرف تین گھنٹے بعد تقریباً ڈھائی بجے ویجیلنس ٹیم نے دوسری بڑی کارروائی کی اور سہسرام صدر ژونل آفسر آکاش کمار رونیار نے زمین کے ایک ٹکڑے کے بدلے اشوک کمار نامی شخص سے 8 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا تھا ۔ پورا سودا بعد میں 6 لاکھ روپئے میں طے پایا تھا، تبھی ویجیلنس ڈیپارٹمنٹ نے جال بچھایا، معاہدے کے مطابق رشوت کی پہلی قسط کے طور پر 3 لاکھ روپئے ادا کئے گئے تھے، ویجیلنس ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ یہ رقم ریونیو ملازم راکیش کمار کے ذریعہ جمع کی جانی تھی، ویجی لینس ٹیم نے منصوبہ بند طریقے سے کام کرتے ہوئے ذاتی پی اے سونو کمار کو ریونیو ملازم راکیش کمار سے 3 لاکھ روپئے کی پہلی قسط قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔ گرفتاری کے بعد ویجیلنس ٹیم سونو کمار کے ساتھ مورسرائے محلہ زونل آفیسر کے کرائے کے مکان پر گئی ۔ سونو کمار نے یہ رشوت براہ راست ژونل آفیسر آکاش کمار رونیار کو دی تھی ۔ ویجیلنس ٹیم نے سی او کی نجی رہائش گاہ کی تلاشی لی تو 3 لاکھ روپئے برآمد ہوئے ۔ اس کے بعد ٹیم نے سی او آکاش کمار رونیار اور اسکے قریبی ساتھی پی اے سونو کمار دونوں کو گرفتار کر لیا ۔

