ایران کے ساتھ کوئی نقصان دہ معاہدہ نہیں کروں گا: امریکی صدرٹرمپ

تاثیر 25 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،25مئی:امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل کے دوران غیر معمولی پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے اور اب ایسی خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں جن سے لگتا ہے کہ تنازع کے فریقین ایک ابتدائی معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ تاہم اسی دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کوئی نقصان دہ معاہدہ نہیں کریں گے۔انہوں نے اس معاہدے کی تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا جس پر جلد ہی دستخط ہونے کی توقع کا اظہار کیا جارہا ہے۔ ٹرمپ نے “اے بی سی” نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ابھی ایران کے ساتھ معاہدے کے بارے میں بات نہیں کر سکتا اور یہ معاملہ صرف مجھ پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے سے متعلق کوئی بھی خبر اچھی ہوگی۔
امریکی صدر نے ’’ ٹروتھ سوشل‘‘ پر کہا کہ ایران کے ساتھ جس معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے وہ اوباما کے معاہدے سے بالکل مختلف ہے۔ اوباما کے معاہدے کو انہوں نے ایک برا معاہدہ قرار دیا جس نے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے بالکل قریب لا کھڑا کیا تھا۔ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر مزید کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات منظم اور تعمیری انداز میں چل رہے ہیں اور میں نے اپنے نمائندوں سے کہا ہے کہ وہ معاہدہ کرنے میں جلدی نہ کریں کیونکہ وقت ہمارے حق میں ہے۔