چاند پور فتح میں جلسہُ تقسیم اسناد واعزاز کا انعقاد

تاثیر 09 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

 حاجی پور 9 جون ( پریس ریلیز )  انجمن تعلیم و ترقی چاند پور فتح، پاتے پور، ویشالی کے زیر اہتمام جلسہُ تقسیم اسناد و اعزاز کا  شاندار انعقاد سوموار کو اردو مڈل اسکول چاند پور فتح کے وسیع احاطے میں ہوا۔   پروگرام
میں سال  2026 میں میٹرک اور انٹر امتحان میں کامیاب ہونے والے چاند پور فتح کے تقریبا” 70 طلباء و طالبات کو  اعزاز وانعام سے نوازا گیا – اس جلسہُ تقسیم اسناد و اعزاز میں میٹرک امتحان سال 2026 کی بہار ٹاپر  عزیزہ صابرین پروین کی شرکت سے چار چاند لگ گیا – واضح ہو کہ انجمن تعلیم و ترقی چاند پور فتح ایک سماجی تنظیم ہے جو حصول تعلیم اور تعلیم سے متعلق مختلف فلاحی وترقیاتی امور  کے لئے سر گرم عمل رہتی ہے – تقسیم اسناد واعزاز کا یہ جلسہ آسی اقدام کا حصہ تھا – جس میں صابرین پروین کو صبر اور کٹھن محنت کا پھل ملنے پر وسعت قلب سے مبارکباد دی گئی اور چاند پور فتح کے ان طلباء وطالبات کی بھی  بھرپور حوصلہ افزائی کی گئ جو امسال میٹرک اور انٹر کے امتحان میں کامیاب رہے خواہ ان کا تعلق کسی بورڈ سے ہے- محفل کی صدارت انجمن تعلیم و ترقی کے موجودہ صدر،سابق مکھیا اور ضلعی جدیو اقلیتی سیل ویشالی کے  صدر جناب مصطفٰی حسن نے فرمائی جبکہ نظامت کے فرائض   ڈاکٹر بدر الزماں بدر محمدی نے بہ حسن وخوبی انجام دئے- تاریخ رقم کرنے والی اپنی نوعیت کی اس منفرد تقریب کا آغاز بہار گیت ” میری رفتار پہ سورج کی کرن ناز کرے ” سے اور اختتام قومی  گیت ” جن گن من ” کی اجتماعی پیش کش پر کیا گیا- نہایت کامیاب اس خوش رنگ تقریب میں مفتی محمد افتخار احمد، حاجی شوکت علی؛ فضل رب ، قربان علی ، محمد کلیم، انوارالحق ، نیاز احمد، شمیم احمد، محمد سلام ، فیاض الحق، اعجاز عادل، فیروز اکرم، ممتاز عالم، اکرام الحق، محمد فیاض، ماسٹر ارشاد عالم ، رام ساگر رام ، پرمیشور رجک، ٹیچر دیپک کمار، راجیش کمار، اکرام الحق، اظہار احمد،  اے۔ایم انظار الحق، اسرار الحق، وسیم فیروز، محمد انصار عالم، مدثر محمود، مدبر محمود  سمیت کثیر تعداد میں معزز ناظرین کی شرکت نے جلسہ ُ تقسیم اسناد و اعزاز کو مزید وقار بخشا-