سعودی اور روس میں غذائی تحفظ کے شعبے میں بڑے معاہدے، اربوں ریال کی ڈیل طے

تاثیر 09 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ریاض،09جون:سعودی عرب اور روس نے مختلف شعبوں میں 13 سٹریٹجک معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں، جن میں سب سے نمایاں شعبہ غذائی تحفظ ہے۔ان معاہدوں کی مجموعی سرمایہ کاری مالیت 4 اعشاریہ 8 ارب ریال ہے، جن کا مقصد دوطرفہ تجارتی تعاون کو وسعت دینا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔یہ معاہدے روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم کے موقع پر طے پائے، جہاں سعودی عرب کی وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت نے حیاتیاتی اور غذائی شعبوں میں مہارت رکھنے والی بڑی روسی کمپنیوں کو متوجہ کیا۔فورم میں دونوں ممالک کے سرکاری اداروں اور بڑے کاروباری اداروں کے درمیان متعدد معاہدوں اور شراکت داریوں پر دستخط ہوئے۔
یہ پیش رفت سعودی عرب کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے، جن کا مقصد فوڈ سیکیورٹی کے اہداف حاصل کرنا، جدید حیاتیاتی ٹیکنالوجی کو مقامی سطح پر منتقل کرنا اور سپلائی چین کو مستحکم و پائیدار بنانا ہے، جو سعودی وڑن 2030 سے ہم آہنگ ہے۔سعودی نائب وزیرِ زراعت انجینئر منصور المشیطی نے کہا کہ یہ معاہدے مختلف اہم شعبوں پر محیط ہیں، جن میں خاص طور پر ویٹرنری ویکسینز کی تیاری اور مقامی سطح پر صنعت سازی شامل ہے تاکہ حیوانی صحت اور بایو سیکیورٹی کو بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ معاہدوں میں پولٹری کے گوشت کی پیداوار کے لیے نسلوں کی ترقی اور افزائش بھی شامل ہے تاکہ مقامی خود کفالت کو یقینی بنایا جا سکے اور پیداوار کو پائیدار بنایا جائے۔