تاثیر 22 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
اوریا، 22 جون: ایک نامعلوم نوجوان نے پیر کی صبح اتر پردیش کے اوریا ضلع کے اچھلدا قصبہ کے قریب وندے بھارت سپر فاسٹ ایکسپریس ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
جی آر پی انچارج وکرم سنگھ نے بتایا کہ حادثہ صبح تقریباً 9بج کر30 منٹ پر اچھلدا علاقے میں 13 بی ریلوے کراسنگ کے قریب ڈاؤن لائن کی مین لائن پر پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق تقریباً 35 سال کا نوجوان اچانک ریلوے ٹریک پر کھڑا ہو گیا۔ اس وقت آنند وہار سے ایودھیا جانے والی ٹرین نمبر (22426) وندے بھارت ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی۔ ٹرین ڈرائیور نے ہارن بجایا لیکن نوجوان پٹری سے نہیں ہٹا اور ٹرین کی زد میں آ گیا۔ حادثے میں نوجوان کی موت ہو گئی۔ متوفی نے گلابی رنگ کی قمیض پہن رکھی تھی۔ حادثے کے بعد ریلوے ٹریک پر کہرام مچ گیا۔
واقعے کے بعد وندے بھارت ایکسپریس کے لوکو پائلٹ نے احتیاط برتتے ہوئے ٹرین کو عنایت پور کے قریب روک دیا۔ انجن کا معائنہ کیا گیا اور ٹرین تقریباً چار منٹ بعد اپنی منزل کی طرف رواں دواں تھی۔

