آسام: اسکول میں ہندو طلباء کو جبراً بیف کھلانے کے الزامات کی تحقیقات شروع

تاثیر 06 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

گوالپاڑہ (آسام)، 6 جون : آسام کے گوالپاڑہ ضلع کے کرشنائی کے ہابراگھاٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں مبینہ طور پر گائے کے گوشت کے استعمال اور دو ہندو طالب علموں پر گائے کا گوشت کھانے کے لیے دباؤ کے الزامات کے بعد، ضلع انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ مقامی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
میڈیا میں خبر آنے کے فوراً بعد گوہاٹی کے ضلع کمشنر پردیپ تیمانگ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ نے اسکول کا دورہ کیا اور واقعہ کے بارے میں دریافت کیا۔ انتظامیہ نے معاملے کی تفصیلی چھان بین شروع کر دی ہے اور ملوث تمام فریقوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
الزام ہے کہ نویں جماعت کے پانچ طالب علموں نے ایک کلاس روم میں لنچ بریک کے دوران گائے کا گوشت کھایا۔ دو ہندو طلبہ پر گوشت کھانے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش بھی کی گئی۔ واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد والدین اور علاقہ مکین مشتعل ہوگئے۔
دریں اثنا، کمشنر پردیپ تیمانگ نے کلیان پور ہائی اسکول کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے چوتھے درجے کے ملازم سبل ربھا سے ملاقات کی اور ایک اور متنازعہ واقعہ کے بارے میں دریافت کیا۔ سبل ربھا نے انتظامیہ کو مطلع کیا کہ ڈسٹرکٹ اسکول انسپکٹر کے دفتر میں ایک بند کمرے میں اسے مبینہ طور پر کان پکڑ کر سزا دی گئی۔