تاثیر 10 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 10 جون : نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار) کی قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے پارٹی کے 27ویں یومِ تاسیس کے موقع پر سوشل میڈیا کے ذریعے جاری اپنے پیغام میں کارکنان، عہدیداران اور حامیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے آنجہانی اجیت پوار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ چھترپتی شیواجی مہاراج، راجرشی شاہو مہاراج، مہاتما جیوتی راؤ پھلے، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر اور یشونت راؤ چوہان کے ترقی پسند نظریات کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک زیادہ مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ مہاراشٹر کی تعمیر کے لیے نئے جوش و جذبے کے ساتھ کام کرنے کا عہد کریں۔
اجیت پوار کے حادثاتی انتقال کے بعد نیشنلسٹ کانگریس کا یہ پہلا یومِ تاسیس ہے، جس کے باعث پارٹی قیادت اور کارکنان کے درمیان جذباتی ماحول دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شیو سینا اور بعد ازاں نیشنلسٹ کانگریس میں ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کے نتیجے میں پارٹی دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی تھی۔ اجیت پوار کی قیادت والے دھڑے نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ مہایوتی اتحاد میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد شرد پوار اور اجیت پوار گروپ الگ الگ طور پر یومِ تاسیس مناتے رہے۔ تاہم رواں سال جنوری میں بارامتی کے قریب پیش آنے والے طیارہ حادثے میں اجیت پوار کے اچانک انتقال نے ریاست بھر کو صدمے میں مبتلا کر دیا تھا۔
اپنے پیغام میں سنیترا پوار نے پارٹی کے 27 سالہ سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس کی کامیابیوں میں عوام، کارکنان، عہدیداران اور قائدین کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یومِ تاسیس مناتے وقت دل میں ایک مختلف کیفیت ہے کیونکہ آج اجیت دادا ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے اجیت پوار کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ایک سیاسی رہنما نہیں تھے بلکہ ہزاروں کارکنان کے لیے ایک مضبوط سہارا تھے۔ عام لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہونا، مشکلات کے وقت مدد کے لیے آگے بڑھنا، غلطیوں پر رہنمائی کرنا اور اچھے کام کی حوصلہ افزائی کرنا ان کی شخصیت کا نمایاں وصف تھا۔ سنیترہ پوار کے مطابق انسان دوستی ہی اجیت پوار کی سیاست کا اصل مرکز تھی۔

