پولیس اور گاؤں والوں میں ٹکراؤ کے بعد تنازعہ میں شدت، وائرل ویڈیو سے اٹھے سوال

تاثیر 07 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کشی نگر، 7 جون : اتر پردیش میں کشی نگر ضلع کے کبرستان تھانہ علاقے کے تحت جنگل پچروکھیا گاؤں میں سڑک حادثے کے بعد شروع ہونے والا تنازعہ اب پولیس اور گاؤں والوں کے درمیان تصادم کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ اس واقعے سے متعلق دو ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جس سے پولیس کی کارروائی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ گاؤں والوں نے پولیس پر سنگین الزامات لگائے ہیں، جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
گاؤں والوں کے مطابق 22 مئی کو بجری سے لدے ایک ٹرک نے سڑک کے کنارے کھڑے سندیپ مدھیشیا کو کچل دیا۔ اس حادثے میں سندیپ شدید زخمی ہو گیا تھا اور اسے علاج کے لیے گورکھپور بھیجا گیا تھا۔ تقریباً دس دن تک زیر علاج رہنے کے بعد یکم جون کواس کی موت ہو گئی۔ واقعہ کے بعد مشتعل گاؤں والوں نے ٹرک کو روک کر اس پر پتھراؤ کیا۔ اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے ٹرک کو اپنی تحویل میں لے کر تھانے کے احاطے میں کھڑا کردیا۔