تاثیر 07 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
برسلز،07جون:۔یورپی یونین نے ہفتے کے روز زور دیا ہے کہ امریکہ کی ثالثی میں طے پانے والا لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ’’تنازع کے خاتمے اور پائیدار امن و سلامتی کے قیام کے لیے ایک نیا موقع‘‘ فراہم کرتا ہے۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے ایک بیان میں کہا کہ یورپی بلاک کو یقین ہے کہ اسرائیل اور لبنان تعمیری انداز میں براہِ راست مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ معاہدے کی شرائط پر مکمل عمل درآمد کریں اور حزب اللہ کی جانب سے پیش کی جانے والی کسی بھی اضافی شرط کو مسترد کریں۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے کہا کہ تمام فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند ہونی چاہئیں اور حزب اللہ کو دریائے لیتانی کے جنوبی علاقے سے انخلا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اسرائیل پر بھی زور دیا کہ وہ لبنانی سرزمین سے اپنی افواج واپس بلائے۔انہوں نے مزید اعلان کیا کہ یورپی یونین لبنانی حکومت کی حمایت جاری رکھے گی اور اسرائیل و لبنان کے درمیان طے پانے والے کسی بھی معاہدے کے نفاذ میں تعاون کے لیے تیار ہے۔کالاس کے مطابق مسلسل کشیدگی اور فضائی حملوں کے باعث لبنانی عوام کو انسانی، سماجی اور معاشی سطح پر بھاری اور ناقابلِ قبول قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔کایا کالاس نے کہا کہ لبنانی مسلح افواج (فوج) کے لیے یورپی یونین کی حمایت حکومت کی ان کوششوں میں ایک اہم ذریعہ ہے، جن کا مقصد پورے ملک میں اسلحے پر ریاست کی مکمل عملداری قائم کرنا ہے۔

