تاثیر 28 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضاامام): دربھنگہ کے معروف سماجی کارکن اور تعلیم دوست جناب افضال انصاری صاحب کے فرزند جناب کامران احمد نے بہار پبلک سروس کمیشن (BPSC) کے باوقار امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (BDO) کے عہدے پر منتخب ہو کر اپنے خاندان، معاشرے اور پورے ضلع دربھنگہ کا نام روشن کیا ہے۔اس خوشی کے موقع پر ایڈووکیٹ و ڈائریکٹر، متھیلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ میڈیکل سائنس، جناب شاہد اطہر نے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر انہیں مِتھلا کی روایتی پاگ اور شال پیش کر کے اعزاز سے نوازا اور اس تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد و نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر شاہد اطہر نے کہا کہ کامران احمد کی کامیابی نوجوانوں کے لیے ایک بہترین مثال اور مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ان کی مسلسل محنت، لگن، نظم و ضبط اور ان کے والد جناب افضال انصاری صاحب کی بہترین تربیت کا نتیجہ ہے۔ ایسے باصلاحیت نوجوان قوم اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کامران احمد کو اپنی سرکاری ذمہ داریاں دیانت داری، انصاف اور خلوصِ نیت کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے، انہیں عوام کی خدمت کی مزید توفیق دے اور ان کی زندگی کو مزید کامیابیوں سے ہمکنار فرمائے۔کامران احمد کی یہ نمایاں کامیابی پورے ضلع دربھنگہ کے لیے باعثِ فخر ہے اور یقیناً یہ نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم اور مسابقتی امتحانات کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔متھیلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ میڈیکل سائنس، دربھنگہ کی جانب سے جناب کامران احمد کو بی ڈی او منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی جاتی ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جاتا ہے۔

