تاثیر 28 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 28 جون: ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے 28ویں میچ میں انگلینڈ نے دفاعی چمپئن نیوزی لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ شکست کے بعد نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان امیلیا کیر نے اعتراف کیا کہ ٹورنامنٹ ٹیم کے لیے مایوس کن رہا۔
لندن کے کیننگٹن اوول میں کھیلے گئے میچ میں شکست سے نیوزی لینڈ کی گروپ مرحلے میں مہم ختم ہوگئی جب کہ میزبان انگلینڈ نے مسلسل پانچویں جیت درج کرکے سیمی فائنل میں جگہ بناکر گروپ بی میں سرفہرست ہے۔آئرلینڈ سے شکست کے باوجود ویسٹ انڈیز بھی فائنل فور کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ شکست کے بعد، نیوزی لینڈ کی کپتان نے کہا، ‘آئرلینڈ نے ہمیں سیمی فائنل تک پہنچنے کا موقع دیا، اور ہمیں آج اپنا بہترین پیش کرنا تھا، بیٹنگ کے دوران ایسے لمحات آئے جب ہمیں لگا کہ ہم بڑا اسکور کر سکتے ہیں، لیکن ہم نے کچھ وکٹیں گنوائیں، پھر بھی، ہم نے 160 سے زیادہ رنز بنائے، اس لیے اچھی باؤلنگ سے ہمارے پاس میچ جیتنے کا موقع تھا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘اگر ہم نے کچھ اور رنز جوڑے ہوتے اور اپنی بولنگ میں تھوڑا اور ڈسپلن دکھایا ہوتا تو میچ بہت سنسنی خیز ہو سکتا تھا ۔

