تاثیر 25 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
حاجی پور/ ویشالی (شرافت خان): محرم کو پُرامن، محفوظ اور خوشگوار ماحول میں منعقد کرانے کے مقصد سے ضلع مجسٹریٹ ورشا سنگھ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ شوبھانک مشرا نے گورول تھانہ حلقہ کے عنایت نگر، چک بیاس روڈ، گوراول-بھگوان پور اور بہادر پور سمیت مختلف علاقوں میں مسلح فورس اور پولیس افسران کے ہمراہ فلیگ مارچ کیا۔ فلیگ مارچ کے دوران حساس اور انتہائی حساس مقامات کا معائنہ کرکے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مسجد کمیٹی کے اراکین، لائسنس یافتہ جلوس منتظمین اور مقامی معززین سے ملاقات کرکے محرم کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، باہمی بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے نیز انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے کی اپیل کی گئی۔ ضلع انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ نے واضح کیا کہ محرم کے دوران شرپسند عناصر اور امن میں خلل ڈالنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ افواہیں پھیلانے، قانون ہاتھ میں لینے یا نظم و نسق خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈی ایم ورشا سنگھ اور ایس پی شوبھانک مشرا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم کو رواداری، نظم و ضبط اور باہمی احترام کے ساتھ منائیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع فوری طور پر انتظامیہ کو دیں، تاکہ ضلع میں امن و سکون کی فضا برقرار رہے۔ اس دوران مہوا سب ڈویژن آفیسر ویویک چندر پٹیل،سب ڈویژن پولیس آفیسر سنجیو کمار کے ساتھ گورول تھانہ صدر اور پولیس اہلکار موجود رہے.

