رتناگیری کے سمندر میں اورنگ آباد کے آٹھ سیاح ڈوبے، تین کو بچا لیا گیا، پانچ لاپتہ

تاثیر 21 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 20 جون : مہاراشٹر کے رتناگیری ضلع کے مشہور سیاحتی مقام گنپتی پُلے ساحل پر ہفتہ کے روز ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں اورنگ آباد سے سیر و تفریح کے لیے آئے آٹھ افراد سمندر میں پھنس گئے۔ ان میں سے تین افراد کو بروقت ریسکیو کرکے محفوظ نکال لیا گیا، جبکہ پانچ افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ لاپتا سیاحوں کی تلاش کے لیے پولیس، غوطہ خوروں، لائف گارڈز اور مقامی ماہی گیروں کی مدد سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
واقعے کی تحقیقات کرنے والے پولیس افسر کے مطابق اورنگ آباد سے تعلق رکھنے والے کچھ سیاح ہفتہ کی صبح گنپتی پُلے گھومنے آئے تھے۔ صبح کے وقت ان میں سے آٹھ افراد سمندر میں نہانے اور تفریح کے لیے پانی میں اترے تھے۔ اسی دوران اچانک سمندر میں تیز لہریں اٹھنے لگیں اور پانی کی صورتحال یکایک تبدیل ہو گئی، جس کے باعث تمام افراد توازن کھو بیٹھے اور سمندر کی لہروں میں بہنے لگے۔