مان ندی میں پانی چھوڑنے کے مطالبے پر کسانوں کی تحریک کامیاب، 16 گاوں کو راحت

تاثیر 09 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

شولاپور، 9 جون: اوجنی نہر سے مان ندی میں پانی چھوڑنے کے مطالبے کے لیے کسانوں کی جانب سے چلائی گئی تحریک کو بالآخر کامیابی مل گئی ہے۔ رکنِ پارلیمان پرنیتی شندے کی مسلسل پیروی کے بعد مان ندی میں پانی چھوڑ دیا گیا ہے، جس سے پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنے والے 16 گاوں کے باشندوں، کسانوں اور مویشی پالکوں کو بڑی راحت حاصل ہوئی ہے۔
مان ندی میں چھوڑے جانے والے پانی سے گنجے گاؤں، ماراپور، گھرنیکی، ملّے واڑی، شرد نگر، سدھیواڑی، دھولس، دھرم گاؤں، نیپت گاؤں، تاوشی، گار اکولہ، سرکولی، تنالی، تپکری شیٹ پھل، اوجے واڑی، مڈھوی اور شنکر گاؤں سمیت متعدد دیہات مستفید ہوتے ہیں۔ ان علاقوں میں پینے کے پانی، کھیتی باڑی اور مویشیوں کے لیے یہ آبی ذریعہ انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہے۔