تاثیر 28 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
شملہ، 28 جون:ہماچل پردیش کے چمبا ضلع میں سڑک حادثات کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع کے نکروڑ-ہیمگیری ڈیم سائیڈ روڈ پر اتوار کو ایک کار کے حادثہ کا شکار ہوکر نالے میں گرنے سے چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والے ایک ہی پنچایت کے رہائشی تھے۔ حادثے کے بعد پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کی کارروائی شروع کر دی ہے، حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ اتوار کو نکروڈ-ہیمگیری ڈیمسائیڈ روڈ پر پیش آیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 52 سالہ شکر دین ولد شاق محمد، 25 سالہ سلمان ولد تاج محمد، 41 سالہ ٹاشی عرف بٹو ولد کشن اور 22 سالہ سنجو ولد کھیم راج کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی اور جائے وقوعہ کے آس پاس جاں بحق افراد کی لاشیں بکھری ہوئی تھیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں تاہم تب تک چاروں افراد دم توڑ چکے تھے۔
چمبا کے ایس پی وجے کمار سکلانی نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کیس درج کر لیا گیا ہے اور حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ چمبا ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ دوسرا بڑا سڑک حادثہ ہے۔ اس سے پہلے ہفتہ کو چمبا ضلع کے بھرمور میں اوری سمرا روڈ پر ایک کار کھائی میں گرنے سے ایک خاندان کے چار افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہو گیا تھا۔ ان حادثات میں ضلع میں لگاتار دو دنوں میں آٹھ افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ تازہ ترین حادثے سے علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے اور مقامی لوگوں نے ان حادثات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

