ہیلمٹ نے ہولناک حادثے میں پولیس اہلکار کی جان بچائی، لاتور پولیس کی بیداری مہم اور ٹریفک قوانین کی اہمیت دوبارہ ثابت

تاثیر 14 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لاتور، 13 جون:’’ہیلمٹ پہنیں، زندگی بچائیں‘‘ کا پیغام ایک بار پھر حقیقت ثابت ہوا ہے۔ ہیلمٹ کے استعمال کی بدولت ایک پولیس اہلکار کی جان بچنے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے دو پہیہ گاڑی چلاتے وقت حفاظتی اقدامات کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کر دیا ہے۔
ریناپور پولیس اسٹیشن میں تعینات پولیس حولدار وشواس جادھو جمعہ 12 جون 2026 کو اپنی معمول کی ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد رات تقریباً 9.30 بجے موٹر سائیکل پر ریناپور سے لاتور جا رہے تھے۔ اسی دوران پیچھے سے تیز رفتاری کے ساتھ آنے والی ٹاٹا انڈیکا نے ان کی موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں وشواس جادھو سڑک پر جا گرے، تاہم خوش قسمتی سے انہوں نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا، جس کی وجہ سے ان کے سر پر کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی۔ حادثے میں ان کی کہنی پر معمولی زخم آیا، جبکہ وہ مکمل طور پر محفوظ رہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اسی ہیلمٹ نے انہیں اس جان لیوا حادثے سے بچانے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔