اسپتال ہائی الرٹ پر! ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے محکمۂ صحت پوری طرح تیار

تاثیر 03 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مظفرپور:  (نزہت جہاں)
ضلع میں مسلسل بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت اور شدید گرمی کے باعث لو کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ضلعی محکمۂ صحت الرٹ موڈ میں آ گیا ہے اور ہیٹ ویو ایکشن پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔ اس کے تحت صدر اسپتال سمیت تمام پی ایچ سی اور سی ایچ سی مراکز میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ لو سے متاثرہ مریضوں کو فوری علاج فراہم کیا جا سکے۔
سول سرجن ڈاکٹر سدھیر کمار اوجھا نے بتایا کہ شدید گرمی اور موسم کی تبدیلی کے پیش نظر پہلے سے کی گئی تیاریوں کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے، تاکہ متاثرہ مریضوں کو بروقت اور بہتر طبی سہولتیں مل سکیں۔ محکمۂ صحت نے صدر اسپتال سمیت ضلع کے تمام 16 پی ایچ سی مراکز میں لو سے متاثرہ مریضوں کے لیے خصوصی بیڈ مختص کر دیے ہیں۔ سنگین مریضوں کے لیے 10 ڈِیڈیکیٹڈ بیڈ تیار کیے گئے ہیں، جہاں دل کی دھڑکن، بلڈ پریشر، سانس کی رفتار اور جسمانی درجۂ حرارت کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ لو سے متاثرہ مریضوں کو اسپتال پہنچانے والی تمام ایمبولینسوں میں ایئر کنڈیشننگ، آکسیجن اور دیگر ضروری طبی آلات کی دستیابی اور فعالیت کا جائزہ لیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ ہیٹ ویو کے خطرات اور اس سے بچاؤ کے طریقوں سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے ضلع بھر میں خصوصی بیداری مہم چلائی جا رہی ہے۔ لوگوں کو زیادہ پانی پینے، دھوپ سے بچنے اور لو کی علامات کو پہچاننے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔