مالویہ نگر ہوٹل آتشزدگی کے واقعہ پر کارروائی کی ہدایات، قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا: آشیش سود

تاثیر 03 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 3 جون: دہلی کے مالویہ نگر میں واقع فلورش اسٹے بی اینڈ بی ریستوراں میں بدھ کی صبح لگنے والی زبردست آگ میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے۔ کئی دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ واقعہ کے بعد دہلی کے وزیر داخلہ آشیش سود اور ایم ایل اے ستیش اپادھیائے صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جائے وقوعہ پر پہنچے۔
جائے واقعہ کا معائنہ کرنے کے بعد وزیر آشیش سود نے کہا کہ آگ سے عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام تمام ضروری دستاویزات اکٹھا کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا عمارت کے پاس کوئی درست نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) تھا، کیا ہوٹل اور ریسٹورنٹ کو چلانے کی اجازت لی گئی تھی اور کیا بیڈ اینڈ بریک فاسٹ (بی اینڈ بی) کے طور پر چلنے والے کمروں کے لیے ضروری منظوری حاصل کی گئی تھی۔
آشیش سود نے کہا کہ اس واقعے کے ذمہ دار عمارت کے مالک اور کسی بھی لاپرواہی میں ملوث افراد کی پولیس تفتیش کے ذریعے نشاندہی کی جائے گی اور گرفتاریوں سمیت ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے پولیس ٹیمیں پہلے ہی روانہ کر دی گئی ہیں۔