تاثیر 06 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،06جون:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز کہا ہے کہ ایران نے اب تک امریکہ کے ساتھ کوئی معاہدہ اس لیے نہیں کیا کیونکہ واشنگٹن کے مطالبات بہت زیادہ ہیں۔انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے ”این بی سی نیوز” کو انٹرویو میں کہا کہ ایران دو مرتبہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے بہت قریب پہنچ چکا تھا۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ سابقہ معاہدہ ایران کو پانچ سال کے اندر جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے راستے پر لے جا رہا تھا۔
ٹرمپ کے مطابق: ان کے پاس کچھ میزائل اور کچھ ڈرونز موجود ہیں۔ میرے اندازے کے مطابق ان کے پاس میزائلوں کا صرف 21 سے 22 فیصد حصہ باقی بچا ہے۔ یہ تعداد اب بھی بڑی ہے، لیکن اس سطح پر نہیں ہے جیسا کہ ہمارے پہلے حملے کے وقت تھی۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ زیادہ تر ڈرون فیکٹریاں تباہ کر دی گئی ہیں، زیادہ تر لانچنگ سائٹس ختم کر دی گئی ہیں، اور میزائل بنانے کے بیشتر مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ کو ایران کے باقی ماندہ میزائلوں اور ڈرونز کے مقامات کا علم ہے۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا، جب ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کامیابی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ تہران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔انہوں نے صدارتی طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ہم ایران کے ساتھ بہت اہم پیش رفت کر رہے ہیں۔

