اسرائیل کی جانب سے امریکہ پر نگرانی وجاسوسی میں اضافہ: پینٹاگون رپورٹ

تاثیر 06 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،06جون:اگرچہ اسرائیل اور امریکہ کے درمیان قریبی اتحاد موجود ہے، تاہم باخبر ذرائع کے مطابق پینٹاگون نے اسرائیل کی جانب سے امریکہ پر جاسوسی کے خطرے کی سطح کو انتہائی درجے تک بڑھا دیا ہے۔امریکی محکمہ دفاع کی انٹیلی جنس ایجنسی سے وابستہ دو موجودہ اور ایک سابق اہلکار کے مطابق حالیہ ہفتوں میں اس ادارے نے اپنے ”انسدادِ جاسوسی خطرے” کی درجہ بندی میں اسرائیل کو ”انتہائی حساس/کریٹیکل” سطح پر رکھ دیا ہے۔ یہ بات امریکی نشریاتی ادارے ”این بی سی نیوز” نے ہفتے کے روز رپورٹ کی۔
رپورٹ کے مطابق ایک داخلی میمورنڈم میں جسے ایک موجودہ اہلکار نے دیکھا، اسرائیل سے متعلق خطرے کی سطح کو ”کریٹیکل ”قرار دیا گیا ہے۔یہ درجہ بندی اس خدشے پر مبنی ہے کہ اسرائیل مبینہ طور پر امریکی اعلیٰ حکام کی نگرانی کی کوششیں کر رہا ہے تاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اندرونی فیصلوں اور مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات سے متعلق پالیسیوں کی معلومات حاصل کی جا سکیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس خدشے کی بنیاد چند ایسے واقعات پر رکھی گئی ہے، جنہوں نے امریکی حکام کے تحفظات میں اضافہ کیا ہے۔