تاثیر 18 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 17 جون: جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جے ڈی اے) نے جموں ریلوے اسٹیشن کے قریب تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر انہدامی کارروائی کرتے ہوئے 30 سے زائد غیر قانونی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا اور تقریباً 10 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔ سرکاری حکام کے مطابق جے ڈی اے اور ضلع انتظامیہ کی مشترکہ ٹیموں نے بدھ کی صبح منگل مارکیٹ کے سامنے، ویشنو دی دھام کے عقب اور ریلوے اسٹیشن کے نزدیک واقع تقریباً نصف ایکڑ اراضی سے غیر قانونی قبضے ہٹا دیے۔ اس دوران غیر مجاز ڈھابوں، دکانوں اور دیگر تجارتی ڈھانچوں کو منہدم کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ مذکورہ اراضی کئی برسوں سے غیر قانونی قبضے میں تھی جہاں دو افراد کی جانب سے مختلف تجارتی سرگرمیاں چلائی جا رہی تھیں۔ قابضین نے قبضے کو قانونی شکل دینے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، تاہم متعلقہ اتھارٹی نے معاملے کا جائزہ لینے کے بعد قبضے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے تجاوزات ہٹانے کے احکامات جاری کیے۔

