پانی کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر: سی آر پاٹل

تاثیر 19 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کلکتہ، 18/ جون (پریس ریلیز) مرکزی وزیر جل شکتی سی آر پاٹل نے کہا ہے کہ مستقبل کی نسلوں کے مفاد میں پانی کے تحفظ اور بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ وہ تاج بنگال میں مرچنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ’’بھارت میں پانی کا تحفظ: چیلنجز اور حل‘‘ کے موضوع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ جل جیون مشن کے تحت اب تک ملک کے 16 کروڑ گھروں کو نل کے ذریعے پینے کے پانی کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔ اس موقع پر مغربی بنگال کی وزیر شہری ترقی اگنی مترا پال نے کہا کہ تیز رفتار شہری ترقی کے باعث آبی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جس کے پیش نظر زیر زمین پانی کی بحالی اور جدید واٹر ٹیکنالوجی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
وزارت جل شکتی کے سکریٹری اشوک کمار مینا نے خبردار کیا کہ مستقبل میں پانی کا بحران عالمی سطح پر ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے، اس لیے آبی تحفظ کو قومی ترجیح بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جل جیون مشن کے نفاذ کے سلسلے میں مرکزی اور مغربی بنگال حکومت کے درمیان حال ہی میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط بھی کیے گئے ہیں۔