تاثیر 26 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سرینگر، 26 جون:لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جمعہ کو سری نگر کے زڈیبل میں یوم عاشورہ کے جلوس میں شامل ہوئے، جہاں انہوں نے امام حسین (ع) اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر نے جلوس میں شرکت کی اور یوم عاشورہ کے موقع پر سوگواروں کی طرف سے انہیں سیاہ بازو پر پٹی پہنائی گئی۔ بعد ازاں، سنہا نے عاشورہ کی روایتی رسومات میں شرکت کرنے والے ہزاروں سوگواروں میں شامل ہوتے ہوئے، زاڈیبل میں ذوالجناح کو چادر چڑھائی۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا اور امام حسین علیہ السلام کی سچائی، انصاف، قربانی اور ہمدردی کی لازوال اقدار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں دیرپا امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔

