تاثیر 27 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 27 جون: صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت 29 جون کو وگیان بھون میں سنٹرل کونسل فار ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر (سی سی ایچ ایف ڈبلیو) کی 16ویں میٹنگ کا انعقاد کرے گی۔ اس میٹنگ کی صدارت مرکزی وزیر صحت اور خاندانی بہبود جے پی نڈا کریں گے۔ اس دوران مرکزی وزیر مملکت برائے صحت انوپریہ پٹیل اور پرتاپراؤ جادھو بھی موجود رہیں گے۔
وزارت صحت نے ہفتے کے روز کہا کہ اس میٹنگ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے صحت اور خاندانی بہبود کے وزراء ، ارکان پارلیمنٹ، مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے سینئر عہدیدار، غیر سرکاری ارکان اور صحت کے شعبے کے ماہرین شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کا مقصد صحت کے شعبے میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانا اور کلیدی پالیسی امور پر جامع بات چیت کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
کانفرنس میں نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم ) کے ایس ڈی جی کے اہداف اور ترجیحات، خوراک اور ادویات میں اصلاحات اور معاون صحت خدمات سے متعلق موضوعات پرغور وخوض کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی صحت کی مختلف اسکیموں کی پیشرفت کا جائزہ لینے، ریاستوں سے بہترین طریقوں کا اشتراک کرنے، نئے چیلنجوں کی نشاندہی کرنے اور ملک بھر میں صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی تیار کر نے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

