تاثیر 01 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفیٰ)کسانوں کی آمدنی بڑھانے، کھیتی کی لاگت کم کرنے اور مٹی کی صحت بہتر بنانے کے مقصد سے مرکزی حکومت کی جانب سے یکم جون سے 30 جون 2026 تک چلائی جانے والی ملک گیر کھیت بچاؤ مہم کا آغاز ضلع دربھنگہ میں سنگھواڑہ بلاک کے رام پورہ گاؤں سے کیا گیا۔ پروگرام کا انعقاد کرشی وگیان کیندر، جالے کے زیر اہتمام ہوا، جس کی صدارت سینئر سائنسدان و صدر ڈاکٹر دیو یانشو شیکھر نے کی مہم کے افتتاحی موقع پر ڈاکٹر راجندر پرساد مرکزی زرعی یونیورسٹی کے سائنسدان ڈاکٹر شیوناتھ سمن اور ڈاکٹر ہیم چند نے کسانوں کو سائنسی کاشتکاری کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور وسائل کے متوازن استعمال سے زراعت کو زیادہ منافع بخش بنایا جا سکتا ہے کرشی وگیان کیندر، جالے کے سائنسدان ڈاکٹر پردیپ کمار وشوکرما اور انجینئر ندھی کماری نے بتایا کہ یہ مہم صرف بیداری پیدا کرنے کا پروگرام نہیں بلکہ کھیت، کسان اور گاؤں کو جوڑنے والی ایک عوامی تحریک ہے۔ اس کا بنیادی مقصد کسانوں کے درمیان کم کھاد، صحیح کھاد اور صحیح مشورہ کے اصول کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے تحت کسانوں کو مٹی کی جانچ کی بنیاد پر متوازن کھاد کے استعمال، کم پانی میں کاشتکاری کی تکنیک، فصلوں میں تنوع اور موسم و بازار کی طلب کے مطابق فصلوں کے انتخاب کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ سائنسدانوں کی ٹیم گاؤں گاؤں جا کر کسانوں کو نقلی کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی پہچان کے طریقے بھی بتائےنگے مہم کے دوران پنچایت سطح پر زرعی مشینری کی تقسیم، مٹی صحت کارڈ، کسان کریڈٹ کارڈ اور پی ایم کسان یوجنا سے محروم کسانوں کو اس سے جوڑنے کا کام بھی کیا جائے گا زرعی ماہرین نے کہا کہ اس مہم کا مقصد زراعت کی لاگت کو قابو میں رکھنا، مٹی کی زرخیزی میں اضافہ کرنا اور کسانوں کو خود کفیل بنانا ہے۔ پروگرام میں کرشی وگیان کیندر کے اہلکاروں، عوامی نمائندوں اور بڑی تعداد میں کسانوں نے شرکت کی اور مہم کو کامیاب بنانے کا عزم ظاہر کیا

