ایشین انڈر-20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی پر وزیراعظم مودی نے ہندوستانی ٹیم کو مبارکباد دی

تاثیر 01 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، یکم جون : وزیراعظم نریندر مودی نے ہانگ کانگ میں منعقد ہونے والی 22ویں ایشیائی انڈر-20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والی ہندوستانی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
ہندوستان نے اس مقابلے میں 10 طلائی تمغوں سمیت مجموعی طور پر 19 تمغے جیت کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس مہم کی سب سے بڑی کامیابی ہائی جمپ ایتھلیٹ پوجا سنگھ رہیں، جنہوں نے 1.93 میٹر کی چھلانگ لگا کر دو دہائی پرانا قومی ریکارڈ توڑتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔
وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم‘ایکس’پر لکھا کہ 22ویں ایشیائی انڈر-20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 10 طلائی سمیت مجموعی طور پر 19 تمغے جیتنا ایک شاندار کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارکردگی بھارتی نوجوان کھلاڑیوں کے عزم، صلاحیت اور بہترین کارکردگی کی علامت ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابی آنے والے برسوں میں مزید نوجوان بھارتیوں کو کھیلوں کی طرف متوجہ کرے گی۔
بھارتی کھلاڑیوں کی اس عمدہ کارکردگی نے ایشیائی سطح پر ملک کی ایتھلیٹکس صلاحیتوں کو نمایاں کیا ہے اور مستقبل کے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے امیدوں کو مزید مضبوط کیا ہے۔