آسام میں 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے براہ راست آدھار نہیں: ڈاکٹر ہمنتا بسوا شرما

تاثیر 14 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

گوہاٹی، 13 جون: غیر قانونی تارکین وطن کو آدھار کارڈ حاصل کرنے سے روکنے کے لیے ایک بڑے اقدام کے طور پر آسام کابینہ نے 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے باقاعدہ اندراج کے عمل کے ذریعے آدھار کارڈ جاری کرنا بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ کابینہ کے اجلاس میں کئی اور اہم فیصلے لیے گئے۔
یہ فیصلہ سنیچر کو نئی حکومت کی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آسام کے وزیر اعلی ڈاکٹر ہمنتا بسوا شرما نے کہا کہ ریاستی حکومت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ کوئی بھی غیر قانونی تارکین وطن آدھار اندراج کے نظام سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

نئی پالیسی کے تحت 18 سال سے کم عمر کے بچوں کو آدھار کارڈ جاری کیے جاتے رہیں گے۔ تاہم، 18 سال سے زیادہ عمر کے کسی بھی شخص کو آدھار کارڈ حاصل کرنے کے لیے ایک خصوصی تصدیق کے عمل سے گزرنا پڑے گا۔ ایسی صورتوں میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو حکومت کو ایک تجویز بھیجنا ہوگی، جو کارڈ جاری کرنے پر حتمی فیصلہ کرے گی۔