پی ایم مودی سیشلز کے ’گارڈین آف دی بلیو ہورائزن‘ ایوارڈ سے سرفراز

تاثیر 28 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 28 جون : وزیر اعظم نریندر مودی کو اتوار کو ایک خصوصی تقریب میں سیشلز کے صدر ڈاکٹر پیٹرک ہرمینی کے ذریعہ باوقار ’گارڈین آف دی بلیو ہورائزن‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وزیر اعظم کو یہ اعزاز ان کی سبز قیادت، ترقی پذیر ممالک کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے ان کی کوششوں اور ’بلیو اکانومی‘ (سمندری معیشت) کو فروغ دینے کے لیے ان کی دیرینہ وابستگی، آب و ہوا کی کارروائی، سمندری وسائل کے پائیدار انتظام اور چھوٹے جزیروں کی ترقی پذیر ریاستوں کی ترقی کی خواہشات کے لیے دیا گیا ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ یہ خصوصی اعزاز دیا گیا ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم نے یہ ایوارڈ ان تمام ممالک کو وقف کیا جو ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اعزاز ایک ایسے وقت میں جب دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے 50 سال منا رہے ہیں، ان کی خصوصی دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزارت کے مطابق یہ ایوارڈایک ہرے بھرے سیارے کے لیے وزیر اعظم کی دیرینہ وابستگی کو تسلیم کرتا ہے۔ ان میں انٹرنیشنل سولر الائنس، مشن لائف (لائف اسٹائل فار دی انوائرمنٹ)، ’ایک پیڑماں کے نام‘، انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس وغیرہ شامل ہیں۔ یہ ایوارڈ پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے وزیر اعظم کو ملنے والے ایسے اعزازات کی ایک سیریز میں تازہ ترین ہے۔ وہ اس سے قبل ایف اے او ایگریکولا میڈل، سیول پیس پرائز، اور اقوام متحدہ کا ’چمپئن آف دی ارتھ‘ ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔