بی جے پی ایم پی جیوترموئے مہتو کے خلاف جان سے مارنے کی دھمکیوں والے پوسٹر لگائے گئے

تاثیر 04 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پرولیا، 4 جون: مغربی بنگال کے پرولیا ضلع میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور ریاستی بی جے پی کے جنرل سکریٹری جیوترموئے سنگھ مہتو کو نشانہ بناتے ہوئے دھمکی آمیز پوسٹر لگائے گئے ہیں۔ پوسٹروں میں رکن پارلیمنٹ کو قتل کرنے والے کو ایک لاکھ روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، پوسٹر بدھ کو پرولیا کے کوٹشیلا تھانہ علاقے سے برآمد ہوا ہے۔ سفید کاغذ پر نیلی سیاہی سے لکھے گئے پوسٹر میں الزام لگایا گیا ہے کہ حکومت کےذریعہ گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے اور اس انہدام کے لیے رکن پارلیمنٹ کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی انہیں جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔
پوسٹرمیں مقامی بولی استعمال کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اگر مکانات مسمار کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ پوسٹر کا اختتام رکن پارلیمنٹ کو مارنے والے کو ایک لاکھ روپے کے انعام کے اعلان کے ساتھ کیا گیا ہے۔