راجاپاکر لوٹ کانڈ کا پردہ فاش، تین شاطر لٹیرے گرفتار

تاثیر 29 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ویشالی پولیس کی بڑی کامیابی، لوٹی گئی موٹر سائیکل، اسلحہ اور موبائل فون برآمد، ملزمان کا طویل مجرمانہ ریکارڈ سامنے آیا.
حاجی پور/راجاپاکر (شرافت خان): ویشالی پولیس نے راجاپاکر تھانہ حلقہ میں ایک خاندان سے دن دہاڑے ہونے والی لوٹ کی سنسنی خیز واردات کا کامیاب انکشاف کرتے ہوئے تین شاطر لٹیروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر لوٹی گئی موٹر سائیکل، واردات میں استعمال ہونے والا دیسی اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا، جبکہ ان کے قبضے سے تین اینڈرائیڈ موبائل فون بھی ضبط کیے گئے ہیں۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ضلع کے مختلف تھانوں میں لوٹ، ڈکیتی، چوری، آرمس ایکٹ اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ اس سلسلے میں ویشالی پولیس سپرنٹنڈنٹ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 24 جون 2026 کو راجاپاکر تھانہ علاقہ کے بنارسی چوک کے قریب موٹر سائیکل پر سوار ایک خاندان کو تین مسلح لٹیروں نے نشانہ بنایا۔ ملزمان نے پہلے ان کا تعاقب کیا، پھر تیلیا گیٹ کے قریب موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر گرا دیا اور دیسی کٹے کا خوف دکھا کر نقد رقم، ایک موبائل فون اور موٹر سائیکل لوٹ کر فرار ہو گئے۔ واقعہ کے بعد راجاپاکر تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کی ہدایت پر مہوا سب ڈویژنل پولیس آفیسر سنجیو کمار کی قیادت میں ایس ٹی ایف کے تعاون سے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ شوبھانک مشرا نے بتایا کہ تکنیکی شواہد، خفیہ اطلاعات اور مسلسل چھاپہ ماری کی بنیاد پر خصوصی ٹیم نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے واردات میں اپنی شمولیت قبول کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ لوٹی گئی موٹر سائیکل، واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور دیگر سامان ہرپور ہرداس میں واقع پرانی چمنی کے کھنڈر میں چھپا کر رکھا گیا ہے۔ ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے چھاپہ مار کر تمام مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی ذاتی تلاشی کے دوران تین اینڈرائیڈ موبائل فون بھی ضبط کیے گئے۔