بھگوان بدھ کے اہم شاگردوں کے آثار کومدھیہ پردیش کے سانچی میںدوبارہ نصب کیا جائے گا

تاثیر 11 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 11 جون:بھگوان بدھ کے دو سب سے ممتاز اور عزیز شاگردوں ارہنت ساری پتر اور ارہنت مودگلیاین کے مقدس بدھ آثار کومونگولیا کے تاریخی دورے کے بعد جمعرات کو مدھیہ پردیش کے رائسین ضلع میں واقع یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ کے مقام سانچی لے جایا گیا ۔
مرکزی وزارت ثقافت کے مطابق، یہ مقدس آثار اصل میں سانچی کے استوپا میں محفوظ تھے، جہاں انہیں مکمل ریاستی اور مذہبی اعزاز کے ساتھ دوبارہ نصب کیا جائے گا۔ اس سے قبل بدھ کے روز، مقدس آثار کو بھارتی فضائیہ کے خصوصی طیارے میں منگولیا کے دارالحکومت اولان باتر سے واپس دہلی لایا گیا۔ دہلی پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ آج، ان آثار کی روانگی کے دوران، اداکارہ اور لوک سبھا کی رکن کنگنا رناوت اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی جنرل سکریٹری ترون چْغ ہوائی اڈے پر پہنچے اور اپنے گہرے احترام کا اظہار کیا۔
اس سفر کے دوران ،بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) اور مرکزی حکومت کے نمائندوں کے ہمراہ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ بھی مقدس آثار کے ساتھ موجود تھے۔ قائدین نے کہا کہ اس دورے سے ہندوستان اور منگولیا کے درمیان صدیوں پرانے ثقافتی اور روحانی رشتوں کو مزید تقویت ملی ہے۔