ہائی کورٹ کے حکم پر مہیساری تالاب کی بحالی شروع، جے سی بی سے مٹی کٹائی کے کام کا آغاز

تاثیر 24 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ ( محمد مصطفیٰ)پٹنہ ہائی کورٹ کے حکم اور ضلع انتظامیہ کی ہدایت کی روشنی میں منگل کے روز سنگھواڑہ بلاک کے بھوانی پور پنچایت کے مہیساری گاؤں میں تالاب کو اس کی سابقہ حالت میں بحال کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ انتظامی افسران کی موجودگی میں جے سی بی مشین کے ذریعے مٹی کٹائی کا کام شروع کرایا گیا معلوم ہو کہ مہیساری گاؤں میں واقع رادھا کرشن مندر کے قریب سرکاری زمین سے 24 مارچ 2023 کو تجاوزات ہٹائی گئی تھیں۔ اس کارروائی سے غیر مطمئن مندر کے پجاری ارون کمار اُپادھیائے نے پٹنہ ہائی کورٹ میں عرضی دائر کرکے زمین کو اس کی پرانی حالت میں بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا معاملے کی سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی تھی کہ ریونیو ریکارڈ اور عملی امکانات کی بنیاد پر آبی ذخیرے کی بحالی کے مسئلے پر غور کیا جائے۔ اسی سلسلے میں ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر منگل کے روز انچل آفیسر نہا کماری، سنگھواڑہ تھانہ صدر بسنت کمار، پولیس فورس اور مکھیا نمائندہ اشوک ساہو کی موجودگی میں موقع پر بحالی کا کام شروع کرایا گیا جے سی بی مشین کے ذریعے مٹی کٹائی کرکے تالاب کے کنارے (بھنڈا) کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا۔ انچل آفیسر نیہا کماری نے بتایا کہ کٹائی سے نکالی گئی مٹی کا استعمال تالاب کے کنارے کی تعمیر میں کیا جائے گا، جبکہ باقی بچی مٹی کو سڑک تعمیر کے کام میں استعمال کیا جائے گا انتظامیہ کی اس کارروائی کو برسوں پرانے آبی ذخیرے کو دوبارہ زندہ کرنے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے