تاثیر 24 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 24 جون:ممبئی لوکل ٹرین میں کوچ کا دروازہ بند کرنے کے تنازع پر ایک مسافر کو چاقو مار کر قتل کر دیا گیا جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ اس واقعے کی تحقیقات بوریولی گورنمنٹ ریلوے پولیس کر رہی ہے۔
بوریولی جی آر پی کے سینئر پولیس انسپکٹر دتاتریہ کھوپرکر نے بدھ کو بتایا کہ مینک لوہار (22) منگل کی رات 10 بج کر 42 منٹ پر اندھیری اسٹیشن سے ٹرین میں سوار ہوا تھا۔ اندھیری اور بوریولی کے درمیان بارش کے دوران کوچ کا دروازہ بند کرنے کے معاملے پر مسافروں کے درمیان تکرار شروع ہو گئی۔ بحث کے دوران ایک دوسرے مسافر نے مبینہ طور پر مینک لوہار کے پیٹ میں چاقو گھونپ دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
ٹرین رات 11 بج کر 4 منٹ پر بوریولی اسٹیشن کے پلیٹ فارم 6 پر پہنچی، تاہم ٹرین کے مکمل طور پر رکنے سے پہلے ہی ملزم فرار ہو گیا۔ اس کے بعد رات 11 بج کر 7 منٹ پر جی آر پی اور ریلوے پروٹیکشن فورس کے اہلکار کوچ میں پہنچے اور زخمی مسافر کو امداد فراہم کی۔ رات 11 بج کر 10 منٹ پر طبی امدادی ٹیم موقع پر پہنچی اور مینک لوہار کو بوریولی اسٹیشن کے ایمرجنسی میڈیکل روم منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں اسے علاج کے لیے کاندیولی کے شتابدی اسپتال بھیج دیا گیا۔ شتابدی اسپتال میں دورانِ علاج بدھ کی صبح لوہار کی موت ہو گئی۔

