تاثیر 03 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 3 جون : نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کے رکنِ اسمبلی روہت پوار نے مہاراشٹر میں خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم اور عصمت دری کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں روزانہ اوسطاً 24 عصمت دری کے مقدمات درج ہو رہے ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ تقریباً ہر گھنٹے ایک ایسا واقعہ سامنے آ رہا ہے۔
روہت پوار نے ریاست کی امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے خواتین کے تحفظ کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر کمسن لڑکیوں کے ساتھ جنسی استحصال اور جنسی جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کو نہایت تشویشناک قرار دیا۔ انہوں نے خواتین کے خلاف جرائم سے متعلق ہزاروں مقدمات میں تحقیقات، فردِ جرم داخل کرنے اور عدالتی کارروائی مکمل ہونے کی کم شرح کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ان کے مطابق بڑی تعداد میں متاثرہ خواتین کو بروقت انصاف حاصل نہیں ہو پا رہا، جس سے نظامِ انصاف پر عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

