تاثیر 15 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بلڈھانہ، 14 جون:ریاست کے مختلف اضلاع میں اپریل 2026 کے دوران ہونے والی بے موسم بارش سے فصلوں کو پہنچنے والے بڑے نقصان کے بعد ریاستی حکومت نے متاثرہ کسانوں کی امداد کے لیے مجموعی طور پر 14 کروڑ 58 لاکھ 90 ہزار روپے کے فنڈ کی منظوری دی ہے۔ امداد و بازآبادکاری کے وزیر مکرند جادھو پاٹل نے بتایا کہ امدادی رقم شفاف اور تیز رفتار طریقے سے تقسیم کی جائے گی اور مستحق کسانوں کے بینک کھاتوں میں براہِ راست منتقل کی جائے گی۔
حالیہ سرکاری حکم نامے کے مطابق بلڈھانہ ضلع میں اپریل 2026 کی بے موسم بارش سے متاثر ہونے والے 2 ہزار 220 کسانوں اور ایک ہزار 335 ہیکٹر متاثرہ زرعی رقبے کے لیے 2 کروڑ 27 لاکھ 32 ہزار روپے کی امداد منظور کی گئی ہے۔ وزیر مکرند جادھو پاٹل نے بتایا کہ تمام اہل کسانوں کو مقررہ شرح کے مطابق امدادی رقم ڈی بی ٹی کے ذریعے براہِ راست ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ افسران کو تمام مستحقین کی معلومات کمپیوٹرائزڈ نظام میں درست انداز میں درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

