سادھو کے قتل کا ملزم پولیس انکاونٹر میں ہلاک

تاثیر 16 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

اْناؤ، 15 جون: ریاست اتر پردیش کے ضلع اْناؤ کی بانگڑ مؤ تھانہ پولیس اور ایس او جی ٹیم نے پیر کے روز ایک لاکھ روپے کے انعامی بدماش کو پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک کر دیا۔ اس کارروائی میں ایس او جی کا ایک سپاہی زخمی ہو گیا، جبکہ ایک گولی سب انسپکٹر کی بلٹ پروف جیکٹ میں بھی لگی۔ انعامی مجرم ایک سادھو کے قتل کے واقعے کے بعد سے مفرور چل رہا تھا۔ واقعے کے بعد ایس پی سمیت سینئر افسران نے موقع کا معائنہ کیا۔
ایس پی جے پرکاش سنگھ نے بتایا کہ بانگرمؤ تھانہ علاقے کے پورویہ ٹولہ قصبہ کے رہائشی اسرائیل نے گزشتہ 9 جون کو زیرِ تعمیر مندر سے تقریباً 300 میٹر دور کونسلر عتیق کی جھونپڑی میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سادھو ملن داس کو چاقو سے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔
اس معاملے میں ملزمان یامین، شفی، للّی اور علی محمد کو پہلے ہی گرفتار کرکے جیل بھیجا جا چکا ہے، جبکہ مرکزی ملزم اسرائیل قتل کے بعد سے فرار تھا۔ اس کی گرفتاری پر ایک لاکھ روپے کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔